نئی دہلی، 20جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کے معاملے میں سپریم کورٹ میں 21فروری سے آخری سماعت شروع ہوگی۔پچھلی سماعت میں سپریم کورٹ نے تیستا اور ان کے ٹرسٹ کے منجمد بینک اکاؤنٹس کھولنے کی درخواست پر گجرات حکومت سے جواب مانگا تھا اور تیستا کو درخواست کی کاپی گجرات حکومت کو دینے کو کہا تھا۔تیستا کی طرف سے کپل سبل نے کہا ہے کہ گجرات پولیس نے تیستا کے دو ذاتی اکاؤنٹس کے علاوہ سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس تنظیم کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا ہے جبکہ الزام سبرنگ ٹرسٹ پر الزام لگے ہیں۔سبرنگ کا اکاؤنٹ بھی منجمد ہے۔تیستا سیتلواڑ اور جاوید پر 2002کے گجرات فسادات کے دوران احمد آباد کی گلبرگہ سوسائٹی میں ہوئے مسلمانوں کے قتل عام کی یاد میں میوزیم بنانے کے لئے کئے گئے چندے کی دھو کہ دہی کا کیس درج کیا گیا ہے۔گجرات ہائی کورٹ نے دونوں کی پیشگی ضمانت عرضی منسوخ کر دی تھی،اس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی،اس کے بعد سے یہ کیس تین رکنی بنچ کی سماعت کیلئے زیرالتواء ہے۔